راولپنڈی:(ملت نیوز) پاکستان عوامی تحریک کی سالمیت پاکستان اور قصاص ریلی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ جڑواں شہروں میں میٹرو سروس سارا دن بند رہے گی ۔ ریلی میں شیخ رشید بھی شریک ہوں گے۔ قصاص ریلی کا آغاز بعد سہ پہر راولپنڈی کے لیاقت باغ سے ہو گا۔ ریلی مری روڑ پر چلتے ہوئے رحمان آباد پہنچے گی جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اپنی رہائش گاہ لال حویلی سے جلوس لے کر کمیٹی چوک پر ریلی میں شریک ہوں گے اور پھر ریلی کی قیادت کرینگے۔ اسلام آباد میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کراچی کمپنی سے جلوس کی صورت میں نکل کر راول ڈیم چوک سے ہوتے ہوئے ریلی میں شرکت کریں گے ۔ ریلی سے سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹرطاہرالقادری خطاب کریں گے۔ سی پی او راولپنڈی کے مطابق ریلی کی سکیورٹی کے لیے دوہزار اہلکار مامور ہوں گے ، ملحقہ راستے سیل کردیے جائیں گے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں آج میٹرو سروس بند رہے گی۔ مرکزی جلسہ رحمان آباد میٹرو اسٹیشن کے قریب ہوگا جہاں رات نو بجے کے بعد ڈاکٹر طاہرالقادری شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔