لاہور:(ملت آن لائن) آشیانہ اسکینڈل اورپیراگون کیس میں ن لیگ کے بڑے رہنماؤں کے گردشکنجہ مزید تنگ ہوگیا، پیراگون اسکینڈل کےاہم کردار قیصرامین بٹ نے بڑے راز کھول دیے اور کئی پردہ نشینوں کوبے نقاب کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق آشیانہ اسکینڈل اورپیراگون کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ، پیراگون اسکینڈل کے اہم کردار قیصرامین بٹ نے وعدہ معاف گواہ بننے سے متعلق بیان چئیرمین نیب کے سامنے ریکارڈ کرادیا۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وعدہ معاف گواہ قیصرامین بٹ نے سنسنی خیز انکشافات میں بڑے رازوں سے پردہ اٹھا دیا، قیصرامین بٹ نے بیان میں کہا پیراگون سوسائٹی ایل ڈی اے سے منظورشدہ نہیں، خواجہ برادران بینی فشل اونرزہیں، لین دین کاکام ندیم ضیا کرتا تھا اور خواجہ برادران کو نقد ادائیگیاں کی جاتی تھیں۔
نیب ذرائع کے مطابق نیب چیئرمین کے سامنے بیان دیتے ہوئے قیصر امین بٹ کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی گئی۔
ملزم قیصرامین بٹ نے لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کےروبروبھی بیان ریکارڈ کرایا اور کہا کہ انیس سو اٹھانوے میں پراپرٹی کے کام میں آیا، دوہزار میں سعدرفیق نے ندیم ضیا نامی شخص سے ملوایا اور کہا یہ آپ کے ساتھ کام کرے گا۔
خیال رہے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل کے تانے بانے بھی پیراگون کیس سے ملتے ہیں، جس میں میگا کرپشن کے الزام میں شہباز شریف گرفتار ہیں۔
یاد رہے 14 نومبر کو نیب نے پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتار کیا تھا، قیصر امین بٹ سندھ کے علاقہ خیر پور میں رو پوش تھے۔
واضح رہے پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کرپشن اسکنیڈل کی تحقیقات نیب نے شروع کر رکھی ہیں اور اس کرپشن اسکینڈل میں خواجہ سعد رفیق ، خواجہ سلمان رفیق اور ندیم ضیاء کے نام بھی قابل ذکر ہیں ، لیکن خواجہ برادران نے عدالت عالیہ سے گرفتاری کے خوف سے حفاظتی ضمانت کرا چکے ہیں۔
گزشتہ سال نومبر میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔