اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پارلیمانی جماعتوں کو کشمیر اور لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے پارلیمانی سربراہان کا اجلاس پیر کو طلب کر لیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق لائن آف کنٹرول پر حالیہ کشیدگی کے تناظر میں اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے اعادہ کیلئے وفاقی کابینہ کا اجتماعی ردعمل اہم پہلا قدم تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ دوسرا قدم کشمیری عوام کی اپنے جائز حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد میں پاکستان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کے اعادہ کیلئے تمام پارلیمانی جماعتوں کی اجتماعی آواز بلند کرنا ہو گا۔ یہ قومی سلامتی کو ناقابل تسخیر بنانے کے قومی عزم کا اعادہ بھی ہو گا۔