خبرنامہ

ماضی کی غلطیاں ٹھیک کرنے کیلئے نیب کے نئے ایس او پیز جاری

ماضی کی غلطیاں ٹھیک کرنے کیلئے نیب کے نئے ایس او پیز جاری
اسلام آباد: نیب نے اپنے تمام دفاتر کیلئے نیا معیاری ضابطہ کار (اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز) جاری کیا ہے تاکہ صرف اصل اور حقیقی شکایات پر ہی کارروائی کی جا سکے، اور اعتراف کیا ہے غیر ضروری شکایات کی وجہ سے قیمتی وقت اور وسائل ضایع ہوتے ہیں اور بیورو کی کارروائیوں اور اس کی کوششوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔نئے ایس او پیز میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ شکایات نمٹانے میں بد احتیاطی دور کرنے کیلئے درست سمت کا تعین ضروری ہے تاکہ معاشرے اور ریاست کے مختلف حلقوں میں پائے جانے والے خوف اور دباؤ کے حوالے سے بڑھتے تاثر کو دور کیا جا سکے۔اس ضمن میں شکایات کے اندراج کے نظام اور انہیں پراسیس کرنے کو اسٹریم لائن کیا گیا ہے اور بدنیتی پر مبنی شکایات اور غیر سنجیدہ شکایات کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے، ایسی شکایات کو قابلِ سزا جرم قرار دیا جائے گا، ارکان پارلیمنٹ، سرکاری افسران اور تاجروں کیخلاف شکایات کے ازالے کیلئے ان کے بنیادی تحفظات دور کیا جائے گا اور نیب کی کارروائیوں میں زیادہ شفافیت اور انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنایا جائے گا۔