خبرنامہ

متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ فاروق ستار ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے۔

کراچی ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگئے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے بتایا کہ تنظیمی دورے کے بعد حیدرآباد سے کراچی واپس آتے ہوئے سپرہائی وے پر نوری آباد کے قریب ڈاکٹر فاروق ستار کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کے کندھے اور کمر پر اندرونی چوٹیں آئی ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم گاڑی کی بیرونی سیٹوں پر سوار ان کے کوآرڈینیٹر اور گارڈز شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپرہائی وے کی تعمیر کی وجہ سے سڑک پر بیریئر رکھے جانے کے باعث حادثہ پیش آیا اور گاڑی نے کئی قلابازیاں کھائیں، گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر فاروق ستار شدید زخمی ہونے سے بچ گئے۔ خواجہ اظہار الحسن نے مزید بتایا کہ وہ ڈاکٹر فاروق ستار کی گاڑی کے پیچھے اپنی گاڑی میں سفر کررہے تھے اور حادثے کے بعد انہوں نے اپنی گاڑی میں انہیں کراچی کے مقامی ہسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔