کراچی: رکن قومی اسمبلی آصف حسنین کا پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج سے میرا ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جو مینڈیٹ مجھے الطاف حسین سے ملا، وہ میں چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔ آصف حسنین نے کہا کہ 22 اگست ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔ پاکستان مخالف نعروں کے بعد ایم کیو ایم میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہ گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کے میں نے مصطفیٰ کمال کو پی ایس پی میں شمولیت کیلئے خود فون کیا۔ مصطفیٰ کمال کو کہہ دیا تھا کہ، بس اب بہت ہو گیا۔ میں اب ایم کیو ایم میں مزید نہیں رہ سکتا۔ مصطفیٰ کمال کا اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ وہ آصف حسنین کو پی ایس پی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف حسین ایم کیو ایم کے بانی کے نام پر ملنے والا مینڈیٹ چھوڑ کر آئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے دیگر رہنماء صرف ایم کیو ایم بانی سے لاتعلقی کا اعلان نہ کریں بلکہ ان کے مینڈیٹ کو بھی لات ماریں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ متحدہ کی رابطہ کمیٹی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ ایم کیو ایم پاکستان اور لندن ایک دوسرے سے الگ نہیں ہے۔ الیکشن کے چند روز بعد الطاف حسین سامنے آ جائیں گے فاروق ستار خاموش ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار متحدہ قومی موومنٹ کے بانی کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھیں سچ بولنا چاہیے۔ یہ مذاق اب ختم اور لوگوں کو ڈبل مائنڈ کرنے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔ ایم کیو ایم کے بانی کو بچانے والا خود بھی فنا ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ آصف حسنین ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر این اے 255 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔