محکمہ جیل پنجاب کا عمران خان کو مہیا ’ناقص‘ سہولیات سے متعلق خبروں پر سخت ردعمل
لاہور: محکمہ جیل پنجاب نے ڈسٹرکٹ جیل اٹک جیل میں قید سابق وزیراعظم کو دستیاب ’ناقص‘ سہولیات سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو قانون کے مطابق ائیر کولر، چارپائی چھت والا پنکھا اور بیڈ میٹرس، تکیہ، ٹیبل اور دو کُرسیاں مہیا کی گئی ہیں اور بارک کی صفائی ستھرائی کا مکمل انتظام ہے۔
خیال رہے کہ محکمہ جیل پنجاب کی جانب سے ایسے وقت پر ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے جب حالیہ روز عمران خان کے وکیل نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ’’سابق وزیراعظم کو سی کلاس میں رکھا گیا ہے جہاں صفائی کا ناقص انتظام ہے، دن میں مکھیاں اور رات کے وقت حوالات میں کیڑے اور دن میں مکھیاں ہوتی ہیں‘‘۔
اس ضمن میں محکمہ جیل پنجاب کے ترجمان نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے حوالے سے الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر زیر گردش خبریں ’’حقائق کے برعکس اور بے بنیاد‘‘ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت سے سزایافتہ ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں اپنے ایام اسیری بسر کر رہے ہیں اور انہیں سیکورٹی وجوہات کی بنا پر جیل میں علیحدہ پورشن میں رکھا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ جیل پنجاب کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کو تمام ضروری طبی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہی،۔ جیل مینوئل کے مطابق ڈاکٹرز کی نگرانی میں خوراک بھی مہیا کی جا رہی ہے جبکہ وکیل اور فیملی کو جیل مینوئل کے مطابق ملاقات کی سہولت بھی حاصل ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کے نمائندوں سے گزارش کی کہ بغیر تصدیق کے کوئی بھی خبر چلانے سے گریز کریں۔