خبرنامہ

مشرف نے کمیشن کے ذریعے بیان ریکارڈ کرنے کا عدالتی حکم چیلنج کردیا

اسلام آباد: (ملت آن لائن)سابق صدر پرویز مشرف نے سنگین غداری کیس میں بیان ریکارڈ کرنے کے لیے بیرون ملک کمیشن بھجوانے کا خصوصی عدالت کا حکم نامہ چیلنج کردیا۔

جسٹس یاور علی پر مشتمل تین رکنی خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں 15 اکتوبر کو سابق صدر پرویز مشرف کا بیرون ملک کمیشن کے ذریعے ریکارڈ کرنے کا حکم دیا تھا۔

پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کا 15 اکتوبر کا حکم نامہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے جس میں سیکریٹری قانون و انصاف، سیکریٹری داخلہ اور رجسٹرار وفاقی شرعی عدالت کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ خصوصی عدالت کی جانب سے بیان ریکارڈ کرنے کے لیے کمیشن کا قیام غیرقانونی ہے، قانون کے مطابق فیصلے سے درخواست گزارکے حقوق متاثر ہورہے ہیں۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ خصوصی عدالت کے حکم نامے کی کوئی نظیر نہیں ملتی لہٰذا خصوصی عدالت کے حکم نامے کو غیر آئینی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔