مشیر قومی سلامتی معید یوسف کی امریکی نائب سیکرٹری آف اسٹیٹ سے ملاقات
اسلام آباد:
امریکی نائب سیکرٹری آف اسٹیٹ وینڈی شرمن نے مشیر قومی سلامتی معید یوسف سے ملاقات کی، جس میں باہمی امور اور خطے میں بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں معاشی تعاون، تجارت، خطے کی سیکورٹی صورتحال اور افغانستان پر تبادلہ خیال ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی بہتری کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا۔ امریکی وفد نے افغانستان سے انخلا اور افغان مہاجرین کی مدد کرنے پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔
مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی نئی عبوری حکومت سے بات کرنے اور روابط قائم رکھنے کی ضرورت ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی خطے میں امن کے لیے خطرہ ہے۔