اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا معذروں کے عالمی دن پر اس عزم کو دہراتے ہیں کہ معذور افراد کو تعلیم اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے، معذوروں کو با اختیار بنانے کا بل تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق معذور افراد کے عالمی دن پر وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ معذروں کے عالمی دن پراپنی حکومت کے اس عزم کو دہراتے ہیں کہ معذورافراد کو تعلیم اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے، معذور افراد کو بااختیار بنانے اور تمام رکاوٹیں ختم کرنے کے لئے بل تیار ہے۔
خیال رہے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج معذورافراد کا دن منایا جارہا ہے ، اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا مقصد معذور افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انھیں کسی بھی طرح کے احساس کمتری کا شکار ہونے سے بچا کر ان کو زندگی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔
معذور افراد کے عالمی دن کو منانے کا آغاز انیس سو بانوے میں معذور افراد کی داد رسی کے لئے اقوام متحدہ میں قرارداد پاس کرکے کیا گیا۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق دنیا میں اس وقت چھ سو ملین افراد معذور ہیں یعنی دنیا میں ہر دس میں ایک شخص معذور ہے۔ ترقی پزیر ممالک میں اسی سے نوے فیصد خصوصی افراد کو زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع میسر نہیں، جب کہ ترقی یافتہ ممالک میں اس کا تناسب پچاس سے ستر فیصد ہے جبکہ ان میں سے اسی فیصد کا تعلق ترقی پزیر ممالک سے ہے۔