سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بڑھا دیا اور جعلی مقابلوں میں مزید 10 افراد کو شہید کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے دعویٰ کیا ہے کہ 10 افراد اڑی سیکٹر کے قریب بڑھنے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں مقابلے کے بعد مارا گیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی بھی شدید زخمی ہوا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور بھارتی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جو وقفے وقفے سے جاری ہے۔
واضح رہے کہ 18 ستمبر کو 4 مسلح افراد نے لائن آف کنٹرول کے قریب اڑی سیکٹر پر فوجی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 18 قابض فوجی ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔