خبرنامہ

ملتان: عوام ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، 6 مسافر جاں بحق

ملتان (اے پی پی) ملتان میں شیرشاہ جنکشن کے قریب کراچی جانے والی عوام ایکسپریس اورمال گاڑی میں تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے میں عوام ایکسپریس کا انجن اور 4 بوگیاں الٹ گئیں جبکہ مال گاڑی کی 5 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مال گاڑی بچ اسٹیشن کے قریب مین لائن پر بغیرشیڈول رکی ہوئی تھی۔ زخمی مسافروں کو نشتر اسپتال سمیت مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی او ملتان نادر چٹھہ کا کہنا ہے مال گاڑی کے نیچے ایک شخص آیا تو اسے خلاف شیڈول روکا گیا اور 15 منٹ بعد پیچھے سے آنے والی عوام ایکسپریس اس سے ٹکرا گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ مسافروں کی مدد کیلئے بسیں بھجوا دیں ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا ۔ وزیراعظم نواز شریف نے ملتان کے قریب عوامی ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔ وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے بھی ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔