خبرنامہ

ملک بھر میں 51 واں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

اسلام آباد(آئی این پی )ملک بھر میں 51 واں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا ، اس موقع پر شہداء کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ قوم نے یوم دفاع اس عزم کی تجدید کے ساتھ منا یاکہ مادر وطن کو در پیش تمام خطرات کا مقابلہ کیا جائے گا جب کہ اس موقع پر شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔ یوم دفاع کے موقع پر اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔شہدا کے لیے فاتحہ اور قرآن خوانی کی گئی جب کہ دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات منعقد کی گئیں ۔ کراچی میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی منعقد ہوئی ،ایئر وائس مارشل عمران خالد ائر آفیسر کمانڈنگ رسالپور اکیڈمی نے مزار قائد پر حاضری دی۔ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی رسالپور کے چاق و چوبند کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھا لے ۔ تقریب میں سکولوں اور کالجز کے طلبہ نے شرکت کی۔ دوسری جانب یوم دفاع کے حوالے سے مزار اقبال پر پاک رینجرز کے جوانوں کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ جی او سی کمانڈ میجر جنرل طارق امان اور پاک رینجرز کے بریگیڈیر عاصم گردیزی نے فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔گوجرانوالہ میں پاک فوج کی وردیوں میں ملبوس سکول کے طلبہ و طالبات نے دشمن فوج کے حملے کو ناکام بنا کر بھارت کو پیغام دیا کہ افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے ، کمسن طلبہ نے اشاروں میں قومی ترانا پڑھا۔ مختلف ٹیبلوز بھی پیش کئے گئے۔ طالبات نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے سیو پاکستان کا نشان بنا کر قوم کو یکجا رہنے کا پیغام دیا۔ جنگی ملی نغموں اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں نے ماحول کو گرما دیا۔ ملکی سلامی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ طلبہ و طالبات نے بہادر پاکستانی افواج کو نہ صرف خراج عقیدت پیش کیا بلکہ اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قومی پرچم کے سائے تلے سب ایک ہیں۔ یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا انعقادکیا گیا اور ہلال پاکستان لہرانے سمیت 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اورنشان حیدر پانے والے شہداکی یاد گاروں پر پھول چڑھائے گئے۔ میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر)، میجر عزیزبھٹی شہید ( نشان حیدر) سمیت دیگر شہداکی آخری آرام گاہوں پربھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے یوم دفاع کیموقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حتف میزائل سیریز، الخالد و الضرار ٹینک ، جے ایف17 تھنڈر طیارے ،آگسٹا آبدوزیں اور ایٹمی صلاحیت ہمارے مضبوط دفاع کی ناقابل تسخیر علامات ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں ایک روشن اور ولو لہ انگیز دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس روز ہماری بہادر مسلح افواج نے قوم کے شانہ بشانہ جارح دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا کر یہ پیغام دیا تھا کہ وہ اپنی آزادی کی حفاظت کرنا جانتی ہیں۔ یقیناً ہماری افواج کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں نے ہماری آزادی کو دوام بخشا ہے جس پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ پاکستان کی سالمیت ،وقار اور بقا کی خاطر ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔