خبرنامہ

ملک میں انٹرنیٹ کی بندش لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور: ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست کو سماعت کے لیے مقرر بھی کردیا ہے۔جسٹس شکیل احمد آج ندیم سرور کی درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست میں وفاقی حکومت اور پی ٹی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ملک میں بغیرکسی نوٹس اور وجہ بتائے بغیر انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپس بند کردی گئیں، انٹرنیٹ کی بندش سے کاروبار حتٰی کہ ہر شعبہ ہائے زندگی متاثر ہو رہا ہے، انٹرنیٹ بند کرنا بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت کا انٹرنیٹ بند کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور ملک میں انٹرنیٹ کو مکمل اور فوری بحال کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔خیال رہے کہ پاکستان میں صارفین کو انٹرنیٹ سروسز استعمال کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انٹرنیٹ سرور پرو وائیڈرز (آئی ایس پیز) ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار میں 30 سے 40 فیصد کمی آگئی ہے۔