خبرنامہ

ممکنہ وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ متحرک، اپوزیشن سےرابطے

کراچی: (اے پی پی) سائیں کی چھٹی کا فیصلہ ہوتے ہی سندھ میں سیاسی ہلچل بڑھ گئی ، صوبے کے نئے سربراہ کو اعتماد کے ووٹ کیلئے اپوزیشن کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے ، متوقع وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے رابطے تیز کر دیئے ۔ نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب ووٹنگ کے ذریعے ہو گا ۔ تاہم کامیابی کیلئے پچاسی ارکان کی حمایت ضروری ہے جبکہ سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی اکیانوے نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے ۔ اپوزیشن کے پاس چوہتر ارکان ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے چار ارکان شرجیل میمن ، اویس مظفر، حسنین مرزا اور طارق آرائیں بیرون ملک موجود ہیں جس کی وجہ سے ان کی اجلاس میں شرکت بھی مشکوک ہے ۔ ممکنہ وزیرا علیٰ سندھ نے صورتحال کے پیش نظر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے تیز کر دیئے ہیں ۔ فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگاڑا سے ملاقات ہو چکی ہے جبکہ ایم کیو ایم سے رابطے کے لیے مراد علی شاہ کی جلد نائن زیرو آمد بھی متوقع ہے ۔