نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ عرصے سے افغان مہاجرین کی میربانی کرنے والا ملک ہے،محدود وسائل کے باوجود پاکستان نے افغانی بھائیوں کے لیے اپنے دل کھولے،پاکستان افغان مہاجرین کی محفوظ اور باوقار واپسی کا حامی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ مہاجرین کی واپسی پاکستان اور افغانستان کے مفاد میں ہے۔
وزیراعظم محمد نواز شریف نے مہاجرین کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر نقل مکانی،مہاجرین کے بارے میں اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہیں،کانفرنس کا انعقاد ایسے وقت ہو رہا ہے جب دنیا میں مہاجرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ،یورپ میں بڑی تعداد میں مہاجرین کی آمد نے انکی حالت زار کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں لاکھوں مہاجرین کو اس کانفرنس سے امیدیں ہیں ،پاکستان سمیت ترقی پذیر ملک نقل مکانی کرنے والوں کازیادہ تر بوجھ اٹھا رہے ہیں ،پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ عرصے سے افغان مہاجرین کی میربانی کرنے والا ملک ہے، پاکستان چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے
وزیراعظم کا کہناتھا کہ مہاجرین کی تعداد میں اضافے سے مشکلات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اورطویل نقل مکانی سے میزبان ملکوں کو سیاسی ، سماجی ، اقتصادی اور سلامتی جیسے مسائل کا سامنا ہے،وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مہاجرین کیلئے جامع حکمت عملی تشکیل دے ،حکمت عملی میں صورتحال کا منصفانہ جائزہ لیتے ہوئے قانونی مہاجرین کیلئے راہیں کھلنی چاہئیں،ایسی منصفانہ حکمت عملی ہونی چاہیے کہ مہاجرین نفرت انگیز رویوں کا شکار نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نقل مکانی اور جبری ہجرت کی وجوہات کا بھی جائزہ لینا ہو گا،مہاجرین کیلئے نیویارک اعلامیہ ایک اہم قدم ہو گا ۔
نوازشریف کا کہناتھا کہ مسئلے کی وجوہات کو حل کیے بغیر بحران کا دیرپا حل ممکن نہیں ہے اور بے یارومددگار افرادہماری مدد اور توجہ کے مستحق ہیں
،لوگ غربت ، جنگ یا تنازعات کی وجہ سے ہجرت پر مجبور ہیں،مہاجرین کے لیے وعدوں کو حقیقت میں بدلنا ایک اہم چیلنج ہے ۔وزیراعظم نے اپنی تقریر کے اختتام کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی عظمت ہماری مشترکہ منزل ہے۔