خبرنامہ

نوازشریف احتساب عدالت پہنچ گئے

اسلام آباد :(ملت آن لائن) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے معزز جج محمد ارشد ملک کررہے ہیں۔

نوازشریف اور تفتیشی افسرمحمد کامران عدالت میں موجود ہیں، سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث محمد کامران پرجرح کررہے ہیں۔

احتساب عدالت میں سماعت کے آغاز پر معزز جج نے کہا کہ پہلےالعزیزیہ میں 342 کا بیان مکمل کر لیتے ہیں جس پروکیل صفائی نے کہا کہ کل بھی گزارش کی تھی جمعرات تک کا وقت دیا جائے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ اگرآپ کہتے ہیں توبیٹھ جاتے ہیں لیکن تیاری کرنی پڑے گی، جج محمد ارشد ملک نے ریمارکس دیے کہ آپ جمعرات کی بات کررہے جمعرات کوپھرنہ کہیں کہ دعا ہے۔

معزز جج نے کہا کہ فلیگ شپ ریفرنس میں 342 کے بیان میں کم سوالات رکھیں گے، کوشش کریں گے70،75 سوالات رکھیں۔

احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ 3ہفتے کا وقت ملا ہے اس مدت میں ٹرائل مکمل ہوجائے گا، میرا خیال تھا 2 ہفتے ملیں گے تواس میں ٹرائل مکمل ہونا مشکل ہوجاتا۔

العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف نے 148 سوالات کے جواب جمع کرائے، مزید 4 جوابات کے لیے عدالت سے جمعرات تک کا وقت مانگا گیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سماعت کے دوران نوازشریف نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا تھا کہ جے آئی ٹی نے تحقیقات کے دوران جو بیانات ریکارڈ کیے وہ قابل قبول شہادت نہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شریک ملزمان کی جانب سے جے آئی ٹی رپورٹ کے خلاف الگ درخواستیں دی گئیں، سپریم کورٹ میں حسن اور حسین نواز کا کیس میں نے نہیں لڑا۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی تفتیش جانبدار تھی اور مروجہ طریقہ کار نہیں اپنایا گیا، میرے خلاف جو شواہد اکٹھے کیے قانون کی نظر میں ان کی کوئی وقعت نہیں۔