خبرنامہ

نواز شریف اور مریم نواز کے ٹیکس گوشواروں میں کوئی تضاد نہیں: رپورٹ

اسلام آباد: معروف چارٹرڈ فرم فرگوسن نے وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کے ٹیکس گوشواروں کو قانون کے مطابق قرار دے دیا۔ ۔ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے اثاثوں میں مریم نواز کے نام سے دکھائی گئی جائیداد کے معاملے پر شریف فیملی نے چارٹرڈ فرم سے رائے مانگی تھی۔ اپنے جواب میں فرگوسن نے کہا ہے وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کے ٹیکس گوشواروں میں کوئی تضاد نہیں دونوں کے گوشوارے قانون کے عین مطابق ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے وزیراعظم نے دو ہزار گیارہ میں اپنی بیٹی کے نام خریدا گیا پلاٹ اس وقت کے ٹیکس گوشواروں کے درست کالم میں درج کیا۔ مریم نواز کا نام کالم بارہ میں اس لئے لکھنا پڑا کیونکہ ٹیکس گوشواروں میں خود کفیل اولاد کیلئے کالم ہی موجود نہیں تھا۔ ایف بی آر نے ٹیکس گوشواروں کے فارم میں تبدیلی 2015 میں کی اور دیگر کا کالم شامل کیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے پلاٹ کی خریداری کے وقت مریم نواز خود بھی ٹیکس فائلر تھیں۔ مریم نواز نے اگلے سال بینک ذرائع سے رقم ادا کر کے پلاٹ اپنے نام کرا لیا جس کا ذکر دو ہزار بارہ تیرہ کے گوشواروں میں موجود ہے۔ چارٹرڈ فرم نے مریم نواز کو دو ہزار گیارہ بارہ کے گوشواروں میں وزیراعظم کا زیرکفالت ظاہر کرنے کے تاثر کی نفی کر دی۔