لاہور: حکومت نے تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کو سیکیورٹی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ لیگی رہنماء کہتے ہیں کہ عمران خان انتشار اور لاشیں چاہتے ہیں۔ وہ کارکنوں کو تشدد پر اکسانا بند کریں۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کو پیشکش کی ہے کہ وہ تعلیم عام کرنے کیلئے ایک ساتھ سڑک پر آئیں۔ باشعور عوام انتشار پھیلانے والی کسی ایسے مارچ کا ساتھ نہیں دیں گے۔ دوسری جانب لیگی رہنماء طلال چودھری نے کہا ہے کہ پہلے بھی انہیں فول پروف سیکیورٹی دی، اب بھی فرض پورا کریں گے۔ عمران خان جلسہ ضرور کریں لیکن اشتعال انگیزی نہ کریں۔ عمران انتشار اور کوئی لاش چاہتے ہیں۔ اگر کوئی واقعہ ہوا تو پی ٹی آئی ذمہ دار ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کیخلاف ڈنڈا بردار فورس تیار کرنا مرکزی قیادت کا فیصلہ نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ عمران خان جلسوں اور شارٹ کٹ سے وزیراعظم نہیں بن سکتے۔ عمران خان جہاں تماشا لگانے جاتے ہیں وہاں خود تماشا بن جاتے ہیں۔ اخلاقیات کا درس دینے والے کارکنوں کو تشدد پر اکسا رہے ہیں۔