خبرنامہ

نواز شریف نے ہمارے 4 مطالبات نہ مانے تو انتخابات 2017 میں ہوں گے، بلاول بھٹو

رحیم یار خان(ملت + آئی این پی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہمارے 4 مطالبات تسلیم نہیں کیے تو پھر انتخابات 2018 میں نہیں 2017 میں ہوں گے۔رحیم یار خان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جمہوری احتساب چاہتی ہے لہذا ہم نواز شریف کو بھاگنے کا راستہ نہیں دیں گے اور اپنے 4 مطالبات منوا کررہیں گے لیکن اگر نواز شریف نے ہمارے 4 مطالبات تسلیم نہیں کیے تو پھر انتخابات 2017 میں ہوں گے تاہم مطالبات تسلیم کرلیے جاتے ہیں تو پھر نواز شریف 2018 تک حکومت چلا سکیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ جب کہ سندھ سمیت کراچی، بلوچستان، کے پی کے اور پنجاب کھپے کا نعرہ لگاتے ہیں، پیپلزپارٹی از سر نو منظم اور مضبوط ہورہی ہے، انشاء اللہ آئندہ انتخابات کے بعد چاروں صوبوں میں ہماری حکومت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جب تک کسان، محنت کش، مزدور، ہاری اور خواتین ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور بے نظیر کے بیٹے کے ساتھ ہیں تو پیپلز پارٹی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں ہراسکتی۔ ، پیپلز پارٹی جمہوری احتساب چاہتی ہے تاہم اگر ہمارے چار مطالبات تسلیم کیے تو 2018ء تک نوازشریف حکومت قائم رکھ سکیں گے۔بلدیاتی نمائندوں سے خطاب میں انہوں نے سوال کیا کہ جب سے بی بی کا بیٹا آیا ہے تب سے تبدیلی آئی یا نہیں ؟انشاء اللہ ہم سب ملکر کام کریں گے اور ہم ملکر پارٹی میں بھی تبدیلی لیکرآئیں گے۔