خبرنامہ

نواز شریف ہمیشہ عدلیہ کو ٹف ٹائم دیتے ہیں اسی لیے انہیں بادشاہ کہتے ہیں، خورشید شاہ

سکھر(آئی این پی )قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ عدلیہ کو ٹف ٹائم دیتی رہی ہے، اسی وجہ سے وہ نواز شریف کو بادشاہ کہتے ہیں۔ سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں عوام کی توقعات پر پوری نہیں اتر پائی، ماضی کے انتخابات میں ٹھیک کام نہ کرنا بھی ہماری کمزروی تھی اور پولیس میں بھی سیاسی مداخلت رہی ہے لیکن اب ایسا کچھ بھی نہیں ہوگا ہم اس کا ازالہ کریں گے۔انگریزی اخبار کی خبر کی بنیاد پر صحافی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پہلے بھی میڈیا پر قدغن لگائی اوراب بھی ایسا کررہی ہے، چوہدری نثار کو پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا چاہیے کہ اتنے اہم اجلاس کی باتیں باہر کیسے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ عدلیہ کو ٹف ٹائم دیتی رہی ہے اسی وجہ سے وہ نواز شریف کو بادشاہ کہتے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ لندن کے بانی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ خارج ہونے پر خورشید شاہ نے کہا کہ ایم کیوایم کے بانی پر منی لانڈرنگ کیس ختم ہونے پر ہم کچھ نہیں کہہ سکتے کیونکہ یہ اسکاٹ لینڈیارڈ کا معاملہ ہے۔