خبرنامہ

نہال ہاشمی کا بیان ن لیگ کا موقف نہیں ہے

اسلام آباد ۔ 10 نومبر (ملت + اے پی پی) وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سینیٹر نہال ہاشمی کا بیان حکومت یا مسلم لیگ (ن) کا موقف نہیں،نہال ہاشمی نے ذاتی رائے کا اظہار کیا ہے، سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا اور وہ اپیکس کمیٹی کے رکن بھی تھے۔ نہال ہاشمی کی جانب سے سابق گورنر سندھ بارے بیان کے حوالے سے اپنے بیان اور میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت نے کہا کہ سابق گورنر سندھ کے حوالے سے نہال ہاشمی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے اور اس بیان سے حکومت یا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا کوئی تعلق نہیں ۔ انھوں نے کہا کہ سابق گورنر سندھ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا اور وہ اپیکس کمیٹی کے رکن بھی تھے، اب نئے گورنر آگئے ہیں ہمیں آگے کی جانب دیکھنے کی ضرورت ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نہال ہاشمی اپنے بیان کی خود وضاحت کریں کہ انھوں نے ایسی سخت زبان کیوں استعمال کی ہے۔