نیشنل ایکشن پلان:(اے پی پی) نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کے معاملے پر وزیراعظم نوازشریف نے تمام وزرائے اعلیٰ کو بلانے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم کی زیر صدارت آئندہ ہفتے اجلاس متوقع ہے۔ گذشتہ روز وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں وزیرداخلہ نے نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ دی، ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ نے بریفنگ میں کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 9 پوائنٹس ایسے ہیں جو براہ راست صوبوں کی ذمہ داری ہیں، جبکہ 9 پوائنٹس پر عملدرآمد وفاقی حکومت اور صوبوں کی مشترکا ذمہ داری ہے، 4 پوائنٹس وزارت داخلہ سے متعلق ہیں۔ وزرائے اعلیٰ کے ساتھ اجلاس میں وزیراعظم صوبوں سے نیشنل ایکشن پلان سے متعلق رپورٹ لینگے اور ہدایات دینگے- چوہدری نثار نے موقف اختیار کیا کہ جب تک وزیراعظم خود مانیٹر نہیں کرینگے ،نتائج نہیں آئیں گے۔ مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو سستی روی سے نکالنے کے لیے وزیراعظم، آرمی چیف اور وزیرداخلہ کی توجہ اور مدد درکار ہوگی۔