سرینگر ۔ یکم اگست (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارت نوازجماعت نیشنل کانفرنس کے سینئر رکن افتخار حسین مسگر نے پارٹی چھوڑ کر تحریک آزادی میں شامل ہونے کا اعلان کیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق افتخار حسین نے احتجاجی تحریک کے مرکز اسلام آ باد قصبے میں ایک عوامی احتجاج کے دوران بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے ۔افتخار حسین نے اسلام آباد حلقے سے جون میں محبوبہ مفتی کے خلاف ضمنی انتخاب میں نیشنل کانفرنس کی ٹکٹ پر حصہ لیاتھا۔انہوں نے اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں اب نیشنل کانفرنس کا حصہ نہیں ہوں اور میں کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے دی گئی سکیورٹی بھی واپس کررہا ہوں اور تحریک آزادی میں شامل ہورہا ہوں۔ اس موقع پرانہوں نے’’ہم کیا چاہتے ، آزادی‘‘، ’’جس کشمیر کو خون سے سینچا ، وہ کشمیر ہمارا ہے‘‘، ’’بھارت کا جو یار ہے ، غدار ہے غدار ہے‘‘ اور’’لے کے رہیں گے آزادی ‘‘ کے نعرے لگائے۔آزادی پسند رہنماؤں نے حال ہی میں بھارت نواز سیاستدانوں کے سوشل بائیکاٹ کی اپیل کی تھی۔