خبرنامہ

ن لیگ کا مبینہ انتخابی دھاندلی پر بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس روزانہ بلانے کا مطالبہ

عمران خان کے اپنے

اسلام آباد:(ملت آن لائن) مسلم لیگ (ن) نے مبینہ انتخابی دھاندلی پر بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس روزانہ بلانے کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2018 کے انتخاب میں تاریخی دھاندلی ہوئی ہے، آج تک بھی کئی امیدواروں کو فارم 45 نہیں ملا، عوام کا سوال ہے کہ گنتی کے وقت پولنگ ایجنٹ موجود کیوں نہیں تھے؟

مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ انتخابی دھاندلی پربنائی گئی کمیٹی کا اجلاس روزہونا چاہیے، پارلیمانی کمیٹی کے کام میں تیز رفتاری آنی چاہیے، ہمارے ممبران اپنے تحفظات کمیٹی میں رکھیں گے، کمیٹی میں بھی اجلاس روزانہ بلانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم نے انتخابی دھاندلی کے حوالے سے وائٹ پیپر پر کام تقریباً مکمل کرلیا ہے۔

واضح رہےکہ حکومت نے مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی قائم کی ہے جس میں 15 حکومتی اور 15 اپوزیشن اراکین شامل ہیں۔

پارلیمانی کمیٹی 2018 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کا جائزہ لے گی اور انتخابی عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے سفارشات بھی تیار کرے گی۔