واشنگٹن(آئی این پی) امریکہ نے کہا ہے کہ مستحکم اور خوشحال پاکستان واشنگٹن کے مفادات کیلئے انتہائی ضروری ہے، موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مالی سال 2017 میں پاکستان کو امداد جاری رکھنے کی ضرورت پر روشنی ڈالنے والی امریکی حکومت کی سرکاری دستاویز میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی انسداد دہشتگردی، جوہری عدم پھیلاؤ ، علاقائی استحکام، افغان امن عمل اور خطے کی ترقی کیلئے کوششوں میں پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا خوشحال، مستحکم اور جمہوری پاکستان میں دلچسپی رکھتا ہے اور یہ دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات کیلئے بھی اہم ہے۔یہ دستاویز حال ہی میں امریکی حکومت کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہے جس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کیوں کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنے دورہ بھارت کے دوران سامنے آنے والی اس تجویز کو رد کیا کہ واشنگٹن کو پاکستان سے تعلقات ختم کردینے چاہئیں کیوں کہ وہ بااعتماد اتحادی نہیں۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھارت میں اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان اچھے اور برے دہشتگردوں کا فرق ختم کرے تاہم بعد ازاں اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور وہاں 50 ہزار لوگ اس کا نشانہ بن چکے ہیں۔انہوں نے دیگر ممالک پر بھی زور دیا تھا کہ وہ بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کریں۔دستاویز میں اوباما انتظامیہ کی جانب سے 2017 میں بھی پاکستان کی سیکیورٹی اور معاشی امداد جاری رکھنے کے فیصلے کے حوالے سے دلائل پیش کیے گئے ہیں۔دستاویز کے مطابق اوباما انتظامیہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ سیکیورٹی معاونت فراہم کرکے امریکا فاٹا میں درپیش دہشت گردی اور شدت پسندی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی اہلیت میں اضافہ کررہا ہے۔اوباما انتظامیہ نے ساتھ ہی خبردار بھی کیا کہ 2017 میں بھی پاکستان کو داخلی سلامتی، معیشت اور سماجی حلقوں کے حوالے سے بڑے چیلنجز کا سامنا رہے گا۔دستاویز میں کہا گیا کہ یہی وجہ ہے کہ امریکا مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھے گا جو معاشی طور پر تقری کررہا ہے، شدت پسندی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور خطے کے امن و استحکام میں کردار ادا کررہا ہے۔امریکی حکومت نے واضح کیا ہے کہ امریکا کی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو پاک امریکا اسٹیرٹجک مذاکرات اور مشترکہ اہداف کو حاصل کرنے کے حوالے سے معاون پالیسیوں کے ذریعے آگے بڑھایا جارہا ہے۔امریکی انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان مثبت سیکیورٹی پارٹنرشپ موجود ہے اور باہمی سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کررہے ہیں۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ امریکا سیکیورٹی کے علاوہ پاکستان کو پانچ اہم شعبوں میں معاونت فراہم کرتا ہے جن میں توانائی، معاشی ترقی،شدت پسندی کے دہانے پر موجود علاقوں کے استحکام، تعلیم اور صحت شامل ہیں۔دستاویز میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر شدت پسندی کے خلاف برسرپیکار ہے، ان کوششوں میں وسعت آرہی ہے اور نتائج بھی حاصل کیے جارہے ہیں۔دستاویز میں کہا گیا کہ دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن کی وجہ سے 7 لاکھ افراد بے گھر بھی ہوئے۔