اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سعودی عرب میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے لیے 23 اکتوبر کو ریاض پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب میں 23 اکتوبر سے مستقبل کے سرمایہ کاری اقدامات پر3 روزہ کانفرنس شروع ہوگی جس میں شرکت کے لیے وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو ریاض پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم کو دورے کی دعوت شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی ہے، کانفرنس میں عمران خان پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی مواقع پربات کریں گے جب کہ اپنے آئندہ 5 سالہ وژن سے دنیا کوآگاہ کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمدبن سلمان سے ملیں گے جب کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش مند شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب میں منعقدہ سرمایہ کاری کانفرنس میں 90 ممالک سے3800 مندوب آرہے ہیں۔