ریاض: وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب میں سرمایہ کاری کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر گزشتہ روز سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ پہنچے تھے، جہاں مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان اور سعودی سفیر نے ان کا استقبال کیا تھا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
‘مستقبل کے سرمایہ کاری اقدامات’ کے عنوان سے آج سے شروع ہونے والی اس تین روزہ کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی مواقع پر روشنی ڈالیں گے اور اپنے آئندہ 5 سالہ وژن سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں منعقدہ اس سرمایہ کاری کانفرنس میں 90 ممالک سے 3 ہزار 800 مندوب شرکت کر رہے ہیں۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
گزشتہ روز سعودی عرب روانگی سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے کو اپنے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستانی معیشت کی بہتری کے لیے وہ سعودی عرب سے قرض لینے کے خواہش مند ہیں۔
انہوں نے سعودی عرب ایران تنازع ختم کرانے کے لیے کردار ادا کرنےکی پیشکش بھی کی تھی۔