خبرنامہ

وزیراعظم عمران خان آج کرتارپورراہداری کا سنگ بنیاد رکھیں گے، انتظامات مکمل

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان آج نارووال کے قریب کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اس راہداری کی تعمیر کے بعد سکھ یاتریوں کو کرتارپور آنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

گوردوارہ کرتار صاحب پر کرتارپور کوریڈور کے سنگ بنیاد کی تقریب کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور مختلف مقامات پر بھارت سے آئے سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کے لیے خیرمقدمی بینرز بھی آوایزاں ہیں۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسداللہ اور چناب رینجرز کے ونگ کمانڈر عدیل یوسف نے گوردوارہ کرتار صاحب میں انتظامات کا جائزہ لیا اور سکھ یاتریوں میں مٹھائی تقسیم کی۔

کرتارپور کوریڈور ڈیزائن سے متعلق معلوماتی بورڈ کے مطابق کرتارپور کوریڈور فیز1 میں ساڑھے چارکلومیٹرسڑک تعمیر کی جائے گی جبکہ بارڈر ٹرمینل کمپلیکس بھی تعمیر ہوگا۔

اس کے علاوہ کرتار پور کوریڈور میں دریائے راوی پر 800 میٹر پل، پارکنگ ایریا اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے فلڈ پروٹیکشن بند بھی تعمیر ہوگا۔

دوسرے فیز میں ہوٹل اورگوردوارہ کرتار صاحب کی توسیع کی جائے گی۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی گوردوارہ کرتارپور صاحب آمد باعث فخر ہے، وزیراعظم کے کرتارپور راہداری کھولنے کے اعلان پر پوری سکھ قوم بلکہ دیگر مذاہب کے لوگ بھی پرمسرت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمسایہ ملک بھارت سمیت دنیا بھر کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان اور مسلمان امن پسند ہیں اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، کرتار پور راہداری کھولنے پر بھارت میں بھی حکومت پاکستان اور عمران خان کے اس اقدام کی تعریف ہورہی ہے اور اس عمل سے دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی اور صلاح پسند ہونے میں اضافہ ہوا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے آئے سکھ رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کرتار پور صاحب آمد اور بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں سے خطاب کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔