اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔
امریکی نمائندہ خصوصی نے وزیراعظم عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
زلمے خلیل زاد نے کہا کہ امریکی قیادت افغان مسئلے کے پرامن حل کے لیے پاکستان سے باہمی تعاون بڑھانا چاہتی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور مصالحت کیلئے سیاسی حل کا حامی ہے۔
واضح رہےکہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد پاکستان سمیت 8 ممالک کے دورے پر ہیں جس کے دوران وہ افغانستان، روس، ازبکستان، ترکمانستان، بیلجیم، متحدہ عرب امارات اور قطر بھی جائیں گے۔
وہ گزشتہ روز پاکستان پہنچے جہاں ان کی وزیر خارجہ سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں انہوں نے پاکستان سے افغانستان میں امن کے لیے تعاون کی اپیل کی۔
یاد رہےکہ وزیراعظم عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خط لکھا ہے جس میں افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تعاون کا کہا گیا ہے۔