اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
گوردوارہ کرتار صاحب پر کرتارپور کوریڈور کے سنگ بنیاد کی تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، بھارتی وفد، مختلف ممالک کے سفارتکار اورعالمی مبصرین بھی شریک ہیں۔
تقریب میں بھارتی وزیر ہرسمرت کور، ایچ ایس پوری، نوجوت سنگھ سدھو شریک ہیں، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی تقریب میں شریک ہیں۔
کرتارپور کوریڈور فیز ون میں ساڑھے 4 کلو میٹر سڑک تعمیر کی جائے گی اور منصوبہ مکمل ہونے پر یاتریوں کو کرتارپور کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں پڑے گی تاہم اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان حتمی بات چیت ہوگی۔
اس سے قبل واہگہ بارڈ پہنچنے والی بھارتی وزیر ہرسمرت کور بادل کا کہنا تھا کہ آج وہاں جارہی ہوں جہاں بابا گرونانک نے 18 برس گزارے، آج بہت جذباتی ہوں، خوابوں میں بھی نہ سوچا تھا کہ کرتار پور جاسکوں گی، میرے جیسے لاکھوں لوگوں کی دعائیں رنگ لارہی ہیں۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسداللہ اور چناب رینجرز کے ونگ کمانڈر عدیل یوسف نے گوردوارہ کرتار صاحب میں انتظامات کا جائزہ لیا اور سکھ یاتریوں میں مٹھائی تقسیم کی۔
کرتارپور کوریڈورڈیزائن سے متعلق معلوماتی بورڈ کے مطابق کرتارپور کوریڈور فیز1 میں ساڑھے چار کلو میٹر سڑک تعمیر کی جائے گی جبکہ بارڈر ٹرمینل کمپلیکس بھی تعمیر ہوگا۔
اس کے علاوہ کرتار پور کوریڈور میں دریائے راوی پر 800 میٹر پل، پارکنگ ایریا اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے فلڈ پروٹیکشن بند بھی تعمیر ہوگا اور دوسرے فیز میں ہوٹل اورگوردوارہ کرتار صاحب کی توسیع کی جائے گی۔