خبرنامہ

وزیراعظم عمران خان کی قطری آرمی چیف سے ملاقات

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام مسلمان ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق قطر کے چیف آف آرمی اسٹاف آف آرمڈ فورس لیفٹیننٹ جنرل غنیم بن شاہین الغنیم سے ملاقات کرتے ہوئے وزیراعظم نے مسلمان ممالک کے درمیان اتحاد، دوستی اور خوشگوار تعلقات اور درپیش مسائل کے حل کے لیے باہمی یکجہتی کی خواہش کا اظہار کیا۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے مابین مضبوط دفاعی اور انٹیلی جنس تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک انہیں مزید مضبوط کرنے کے لیے کام کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک افغان میں استحکام کے لیے بھی مل کر کام کررہے ہیں اور اس سلسلے میں مسلسل تعاون جاری رہتا ہے۔

سفارت کاری پر نظر رکھنے والوں کا کہنا تھا کہ حال ہی میں امریکا اور طالبان کے درمیان اعلانیہ مذاکرات سے قبل دوحہ اور اسلام آباد کے درمیان رابطے کیے گئے تھے۔

یہ خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ قطری آرمی چیف کے حالیہ دورے کا مرکزی ایجنڈا امریکی عہدیدار ’زلمے خلیل زاد‘ اور طالبان کے درمیان ہونے والی آئندہ ملاقات ہے۔

یہ بات مدِ نظر رہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں 2013 سے طالبان کا سیاسی دفتر قائم ہے جہاں امریکی عہدیدار ایلس ویلز اور زلمے خلیل زاد طالبان رہنماؤں سے ملاقات کرچکے ہیں۔

ملاقات کے حوالے سے جاری سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم اور قطری آرمی چیف کے درمیان ہونے والی گفتگو کا محور دوطرفہ تعلقات، خاص طور پر تجارت اور افرادی قوت رہا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے باہمی تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور قطر کے ساتھ مضبوط تعلقات کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں سے قرار دیا۔

قطر کو جانے والی پاکستانی برآمدات میں 73 فیصد اضافے اور کراچی بندرگاہ کو کشتی سروس کے ذریعے حماد بندرگاہ سے منسلک کرنے کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے آنے ولے سالوں میں تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہونے کی امید ظاہر کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ایک لاکھ افراد کو ملازمتیں دینے کے ارادے پر قطری رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور بھرتیوں کے لیے کراچی اور اسلام آباد میں خصوصی دفاتر قائم کرنے کا خیر مقدم کیا۔