باکو ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف کے اعزاز میں جمعہ کو یہاں صدارتی محل میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی جو گزشتہ روز آذربائیجان کے 3 روزہ سرکاری دورے پر باکو پہنچے تھے۔ وزیراعظم کی صدارتی محل آمد پر صدر الہام علیوف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ باضابطہ استقبالیہ تقریب کے دوران دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نوازشریف کو آذربائیجان کی مسلح افواج کی طرف سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے گارڈ آف آنرکا معائنہ کیا۔ وزیراعظم نوازشریف سے آذربائیجان کی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا گیا جبکہ وزیراعظم نے اپنے وفدکے ارکان کا آذربائیجان کے صدر سے تعارف کرایا۔