اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (ملت + اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے مستقبل میں حجاج کرام کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے مدینہ منورہ میں حج ڈائریکٹوریٹ بنانے کی منظوری دیدی جبکہ اسلام آباد میں موجودہ حج ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کو ترقی دے کر ڈائریکٹوریٹ جنرل بنانے کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں۔ پیر کو وزیراعظم محمد نواز شریف سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، سیکریٹری مذہبی امور مرزا سہیل عامر اور ڈی جی حج جدہ ساجد یوسفانی نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ایوان وزیراعظم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے بہترین حج انتظامات پر وفاقی وزیر اور وزارت مذہبی امور و حج ڈائریکٹوریٹ کے تمام ملازمین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزارت مذہبی امور اور حج ڈائریکٹوریٹ کے تمام ملازمین کیلئے چار مہینوں کی اضافی تنخواہیں دینے کے بھی احکامات جاری کئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حاجیوں کی خدمت کرنا بھی اﷲ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے اورآپ لوگ خوش قسمت ہیں کہ اﷲ نے آپ کو حاجیوں کی خدمت کا موقع فراہم کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حج انتظامات گزشتہ برسوں کے مقابلے میں انتہائی موثر اور احسن انداز میں سرانجام دیئے گئے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال حج انتظامات اس سال سے بھی بہترہوں گے جو باقی وزارتوں اور اداروں کیلئے قابل تقلید ہوں گے۔ انہوں نے اس ضمن میں سعودی حکومت کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات قابل تحسین ہے کہ حجاج کرام کو رہائشی، سفری اورصحت کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔