خبرنامہ

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کےاراکین کےبیرون ملک علاج پرپابندی عائد کردی

اسلام آباد :(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کےاراکین کےبیرون ملک علاج پر پابندی عائد کردی ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت جاری ہے، وفاقی کابینہ کے اراکین کے بیرون ملک علاج پر پابندی عائد کر دی گئی۔

پابندی کا اطلاق وفاقی وزرا وزرائے مملکت، معاونین خصوصی پر ہوگا، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کابینہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

اجلاس میں ایجنڈے کے تحت برطانیہ اور آئرلینڈ سے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری دی جائے گی، لبرٹی ایئر لائن کے لیے کلاس ٹو کے چارٹر لائسنس کی منظوری بھی لی جائے گی۔

انجینئرنگ ترقیاتی بورڈ کی منسوخی کا فیصلہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے جب کہ ارکانِ پارلیمان اور عوام کے لیے ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے کی منظوری دی جائے گی۔

سری لنکاکے ساتھ میری ٹائم ایجنسی معاہدے کی بھی منظوری دی جائے گی، پاکستان اور سوڈان میں سیاحت کے شعبے میں تعاون کا معاملہ بھی زیرِ بحث آئے گا۔

کابینہ اجلاس میں نیشنل بینک اور تاجکستان بینک میں تعاون کا معاملہ بھی زیرِ غور آئے گا، چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی تقرری کی منظوری بھی دی جائے گی۔

وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پبلک پرائیویٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔