وزیراعظم کا ایس پی طاہر خان کے قتل پر اظہار افسوس، انکوائری کا حکم
اسلام آباد: (ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے ایس پی طاہر خان کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم نے کہا کے پی حکومت فوری اسلام آباد پولیس سے مل کر انکوائری کرے، وزیر مملکت داخلہ معاملے کی انکوائری کر کے رپورٹ کریں گے۔
یاد رہے اسلام آباد سے اغواء ہونے والے ایس پی خیبرپختونخواہ طاہر خان داوڑ کو افغانستان میں قتل کیا گیا جس کی افغان وزارت خارجہ نے تصدیق کی، ایس پی طاہرخان کی لاش ننگرہار کے ضلع دربابا کے لوگوں کو ملی جو جلال آباد میں افغان حکام کو پہنچائی گئی۔
دووسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیم پشاور پہنچ گئی، ٹیم ایس پی طاہر داوڑ کی میت آنے کے بعد قانونی کاروائی مکمل کرے گی۔ ذرائع کے مطابق اغواء کے مقدمے میں تبدلی کر کے قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی جائیں گی۔ ایس پی طاہر داوڑ کے اغوا کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج ہے۔