وزیراعظم محمد نواز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے چوتھا خطاب
نیویارک ۔ 21 ستمبر (ملت نیوز…اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے چوتھا خطاب کیا۔ بدھ کو وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے چوتھی بار خطاب میں مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔
………………………..
وزیراعظم محمد نواز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب ’’مشن کشمیر‘‘ کا عکاس تھا
وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجوں کے انخلاء، اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی تشکیل اور کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے دلانے کا مطالبہ کیا
نیویارک ۔ 21 ستمبر (ملت نیوز…اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف کا بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب ’’مشن کشمیر‘‘ کا عکاس تھا جس میں انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل، مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجوں کے انخلاء، حالیہ دنوں میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی ہلاکت کے جائزہ کیلئے اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا، کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور شفاف استصواب رائے دلانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر سے کالے قوانین کے خاتمہ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کے حل کے بغیر پاکستان اور بھارت میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ثبوت اقوام متحدہ کو پیش کریں گے۔
………………………..
وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں افغانستان کے مسئلہ کا بھی احاطہ کیا
نیویارک ۔ 21 ستمبر (ملت نیوز…اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بدھ کو اپنے خطاب میں افغانستان کے مسئلہ کا بھی احاطہ کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ افغانستان میں حالیہ جنگ کے 15 سالوں کے بعد بین الاقوامی برادری اتفاق کرتی ہے کہ اس ملک میں پائیدار امن کا واحد راستہ کابل میں حکومت اور افغان طالبان کے درمیان بات چیت کے ذریعے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب افغان فریقین خود اس نتیجہ پر پہنچیں گے کہ افغان مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے تب بھی پیشرفت ممکن ہو گی۔ افغانستان میں تنازعہ اور بدامنی کی ساڑھے تین دہائیوں سے زائد کے عرصہ نے پاکستان پر سنگین سیکورٹی اور اقتصادی اثرات مرتب کئے ہیں۔ تقریباً 30 لاکھ افغان مہاجرین جن کیلئے ہم نے اپنے گھر بار اور دلوں کو کشادہ کیا، ابھی تک پاکستان میں موجود ہیں، ہم ان کی رضا کارانہ اور باعزت افغانستان واپسی دیکھنے کے خواہاں ہیں۔
………………………..
وزیراعظم محمد نواز شریف نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں حکومت کی تین سالہ معاشی کارکردگی کے اہم خدوخال بیان کئے
نیویارک ۔ 21 ستمبر (ملت نیوز…اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں موجودہ حکومت کی تین سالہ معاشی کارکردگی کے اہم خدوخال بھی مختصر بیان کئے۔ بدھ کو اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ناموافق بین الاقوامی اقتصادی ماحول کے باوجود میری حکومت نے 3 سال کے عرصہ میں ملک کو مضبوط نمو کی طرف حرکت دی ہے، ہم نے 2030ء ترقیاتی ایجنڈے کو اپنی سماجی اور اقتصادی حکمت عملی میں مکمل طور پر ہم آہنگ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا یقین ہے کہ عوام ہماری قوم کا حقیقی اثاثہ ہیں اور یہ انسانی ترقی ہی ہے جو ہمارے مستقبل کے مقدر کا تعین کرے گی۔
………………………..
بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان برہان وانی کشمیر کی نئی انتفادہ کی علامت بن کر ابھرے ہیں، وزیراعظم
نیویارک ۔ 21 ستمبر (ملت نیوز…اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں نوجوان کشمیری برہانی وانی شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیریوں کے ایک مثال بن چکا ہے۔ بدھ کو اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان رہنما برہان وانی کشمیر کی نئی انتفادہ کی علامت بن کر ابھرے ہیں، مقبول اور پرامن جدوجہد آزادی کی قیادت نوجوان اور بزرگ‘ مرد اور خواتین کشمیری کر رہے ہیں اور وہ اپنے نصب العین کے ساتھ غیر متزلزل یقین کے ساتھ لیس ہیں اور ان کے دلوں میں آزادی کی تڑپ موجزن ہے۔
………………………..
میرا ملک دہشت گردی کا بنیادی شکار رہا ہے، وزیراعظم
نیویارک ۔ 21 ستمبر (ملت نیوز…اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرا ملک دہشت گردی کا بنیادی شکار رہا ہے جس کی باہر سے کی جانے والی حمایت، سرپرستی اور سرمایہ شامل ہیں، دہشت گردی کے خلاف ہمارے لاکھوں شہری اور ہزاروں سیکورٹی اہلکار جاں بحق یا زخمی ہو چکے ہیں۔ بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی اور پاکستان میں خلفشار پیدا کرنے کیلئے عدم استحکام کی دھمکیوں کی اجازت نہیں دیں گے، ہمارے لاکھوں شہری اور ہزاروں سیکورٹی اہلکار دہشت گردی کے حملوں میں جاں بحق یا زخمی ہو چکے ہیں، اس سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے ہمارے عزم کو ازسرنو تقویت ملی ہے۔ قانون کے نفاذ اور ٹارگٹڈ ملٹری آپریشنز کی ہماری جامع حکمت عملی کے شاندار نتائج برآمد ہوئے ہیں اور اس سے پاکستان دہشت گردی کیخلاف کامیابی سے نبردآزما ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ضرب عضب آپریشن ہمارے دو لاکھ سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ دنیا میں کسی بھی جگہ دہشت گردی کیخلاف سب سے بڑی، مضبوط اور کامیاب مہم ہے۔ہمارے جامع نیشنل ایکشن پلان کو ہمارے عوام اور ہماری پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ ہماری سیکورٹی فورسز کی مکمل تائید اور حمایت حاصل ہے اور ان سب نے دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں تاہم دہشت گردی اب ایک عالمی مظہر ہے جس پر ریاستی دہشت گردی سمیت ہر شکل میں جامع انداز میں توجہ دی جانی چاہئے۔
………………………..
مشرق وسطیٰ میں خلفشار شدت اختیار کر رہی ہے،وزیراعظم محمد نواز شریف
نیویارک ۔ 21 ستمبر (ملت نیوز…اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں خلفشار شدت اختیار کر رہی ہے لہٰذا داعش کو شکست دینے کیلئے بین الاقوامی کوششوں کی فوری ضرورت ہے۔ بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے اہم خطاب میں انہوں نے کہا کہ داعش کو شکست دینے کیلئے علاقائی اور بیرونی طاقتوں کے مختلف النوع مقاصد اور ترجیحات کو ہم آہنگ کرنا ضروری ہے، ناانصافی کے غلبہ میں امن کو استوار نہیں کیا جا سکتا۔ فلسطین کا دیرینہ المیہ بین الاقوامی برادری کی طرف سے پرعزم اقدام کا تقاضا کرتا ہے۔
………………………..
امن، خوشحالی اور آزادی کے فروغ کیلئے اقوام متحدہ کو اپنی ساکھ کو بحال کرنا چاہئے،وزیراعظم محمد نواز شریف
نیویارک ۔ 21 ستمبر (ملت نیوز…اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ امن، خوشحالی اور آزادی کے فروغ کیلئے اقوام متحدہ کو مرکز و محور کی حیثیت سے اپنی ساکھ کو بحال کرنا چاہئے۔ بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پرآشوب اور ایک دوسرے پر انحصار کرنے والی دنیا میں اقوام متحدہ عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانے اور امن کو بحال کرنے کیلئے ایک ناگزیر ادارہ کی حیثیت رکھتا ہے، اس کے اصول بین الاقوامی قانون کے حوالے سے اہم ستون، رکن ممالک کے طرز عمل کیلئے رہنما اصول اور تمام اقوام اور عوام کے جائز حقوق کے ضامن ہیں، امن، خوشحالی اور آزادی کے فروغ کیلئے اقوام متحدہ کو مرکز و محور کی حیثیت سے اپنی ساکھ کو بحال کرنا چاہئے۔اس مقصد کیلئے اسے زیادہ نمائندہ، شفاف اور جوابدہ بننا چاہئے۔ سلامتی کونسل کی جامع اور جمہوری اصلاحات جس کی پاکستان حمایت کرتا ہے، سے اس کی مطابقت اور نمائندگی میں اضافہ ہونا چاہئے۔ استحقاق کے نئے مراکز کی تشکیل اس کے برعکس کارفرما ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقوام متحدہ سے غیر متزلزل وابستگی مسلمہ ہے، ہم نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں ہر اول دستے کے طور پر مسلسل اپنا کردار ادا کیا ہے۔
………………………..
کسی پیشگی شرط کے بغیر بھارت کے ساتھ ضبط و تحمل اور ذمہ داری کے تمام اقدامات پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، وزیراعظم
نیویارک ۔ 21 ستمبر (ملت نیوز…اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم بھارت کے ساتھ کسی بھی فورم پر یا کسی بھی شکل میں اور کسی بھی پیشگی شرط کے بغیر ضبط و تحمل اور ذمہ داری کے تمام اقدامات پر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم جوہری تجربات پر پابندی کے دوطرفہ معاہدہ پر متفق ہونے کیلئے بات چیت کیلئے تیار ہیں، آج اس روسٹرم سے میں تمام دیرینہ تنازعات بالخصوص جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کیلئے سنجیدہ اور پائیدار مذاکرات کیلئے بھارت کو اپنی پیشکش کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں۔
………………………..