وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان کی اقتصادی اور معاشی ترقی کے لیے’اڑان پاکستان‘کے نام سے نیاوژن دے کرحقیقی معنوں میںتمام پاکستانیوں کے دل جیت لیے ہیں۔حکومت کی جانب سے 5 سالہ اقتصادی منصوبہ ’اڑان پاکستان‘ ماضی کے منصوبوں میں ہونے والی خامیوں کو مد نظر رکھ کر مرتب کیا گیا ہے تاکہ ان خامیوں سے بچا جاسکے کیونکہ وژن 2010ء اور وژن 2025ء جیسے منصوبے سیاسی عدم استحکام اور پالیسی میں تسلسل کی کمی کی وجہ سے سبوتاژ ہوگئے تھے۔اب حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ 2047 ء تک پاکستان کو 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت میں تبدیل کرے گی کیونکہ ’یہ اقدام سماجی و اقتصادی چیلنجز پر قابو پانے، ملک کی صلاحیتوں کوسامنے لانے اور پائیدار ترقی کے مواقع پیدا کرنے کے قومی عزم کی نمائندگی کرتا ہے‘۔اور یہ منصوبہ پالیسی کے تسلسل، اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت اور قابل عمل اقدامات کے نتائج پر مرکوز ہے۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو سے معروف پاکستانی نوجوان شاعر، دانشور، سفرنامہ نگار اور بزنس مین عامر بن علی کہتے ہیں کہ شہباز شریف کی پرعزم قیادت میں پاکستان معاشی بحران سے نکل آیاہے،اس وقت پاکستان کو شہبازشریف جیسے لیڈر کی اشد ضرورت تھی کیونکہ وہ مسائل کو حل کرنا جانتے ہیں۔وہ کام،کام اور صرف کام کرنے کے دھنی ہیں۔میں بطور بزنس میں ان کے معاشی وژن کو سراہے بغیر نہیں رہ سکتا۔ امریکا کے شہر نیویارک سے نوجوان آئی ٹی ایکسپرٹ بلال مسرور کیفی وزیراعظم کے مجوزہ پلان سے بے حد متاثر ہوئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اتحادی حکومت نے ایک گیم چینجر اقتصادی اور معاشی پلان دے کر اہل پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں خاص طور پر آئی ٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے دل جیت لیے ہیں۔
امریکا ہی کے شہرلاس اینجلس سے ممتازدانشور اورپاکستانی بزنس مین وقار علی خان کا کہنا ہے کہ ایک عرصے کے بعد پاکستان کی کسی حکومت نے ملک کی اقتصادی اور معاشی ترقی کے حوالے سے کوئی قابل عمل روڈ میپ دیا ہے۔امید واثق ہے کہ شہباز شریف کی حکومت ملک میں معاشی استحکام کے بعدمعیشت کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر کامزن کرنے میں بہت جلد کامیاب ہو جائے گی۔اس کی وجہ یہ ہے کہ شہباز شریف کا ٹریک ریکارڈ سب سے سامنے ہے،وہ دھن کے پورے اور کام کے پکے ہیں،وہ کبھی تھک کر نہیں بیٹھتے بلکہ وہ جس کا م کا ارادہ کرلیں اس کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لیتے ہیں۔بطور وزیر اعلیٰ پنجاب ان کے کار ہائے نمایاں اہل پاکستان کے سامنے روز روشن کی طرح چمک رہے ہیں۔وہ تین بار پاکستا ن کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ رہے اور اس دروان انھوں نے پنجاب کو زمین سے اٹھا کر آسمان کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔اب وہ وزیر اعظم پاکستان بنے ہیں تو پاکستان کی تقدیر بدلتے ہوئے نظر آرہی ہے۔
سکاٹ لینڈ کے دارالحکومت گلاسگو سے بزرگ ترین پاکستانی ملک غلام ربانی جو فلاحی کاموں میں زندگی بھر پیش پیش رہے اور وہاں پر اپنا بزنس چلا رہے ہیں،کا کہنا تھا کہ اڑان پاکستان پروگرام ملکی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔جب نیت صاف ہوتواللہ تعالی بھی کرم کرتا ہے۔ شہبازشریف کی نیت صاف ہے،اب دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس سے معروف صحافی، ایک میگزین کے ایڈیٹر اور بزنس مین زاہد بھٹی سے فون پر بات ہوئی تو وہ ایک عرصے بعد اس بات پر بہت پُر جوش دکھائی دیے کہ حکومت نے کوئی قابل عمل پروگرام ترتیب دیا ہے۔
لاہور سے ایک پاکستانی فارماسوٹیکل کمپنی کے مالک ڈاکٹر آفتاب صدیقی کا کہنا ہے کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے حوالے سے شہباز شریف کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔انھوں اپنی صحت کی پروا نہ کرتے ہوئے ملک وقوم کے لیے دن رات ایک کر رکھا ہے۔وہ اٹھتے بیٹھتے پاکستان اور صرف پاکستان کا ہی سوچتے ہیں۔میں ایک عرصے سے سیاسی طورپر ان کا شدید ترین ناقد تھا لیکن اب میں شہباز شریف کی ملک کی معاشی ترقی کے لیے بھاگ دوڑکوتحسین پیش کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔انھوں نے پاکستانی فارماسوٹیکل انڈسٹری کے لیے بھی بہترین پالیسی ترتیب دی ہے۔مجھے کامل یقین ہے کہ پاکستان شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت میں دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گا۔
لاہور سے ہی ممتازدانشور،قانون دان اور شاعر عابدحسین بھٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار کسی وزیراعظم نے ملک کی اقتصادی اور معاشی ترقی کے حوالے سے انتہائی قابل عمل اور شاندارطویل المدت منصوبہ دیا ہے۔اور اس طرح کا انقلابی اقدام شہباز شریف جیسا زیرک اوردور اندیش سیاستدان ہی کرسکتا تھا۔مجھے تو ایسے لگتا ہے کہ ان میں ملائشیا کے ڈاکٹر مہاتیر محمد کی روح سرایت کر گئی ہے اور وہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرکے ہی دم لیں گے۔ان کے بڑے بھائی نوازشریف نے دنیا بھر کی مخالفت کو مول لے کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا تھا اب وہ پاکستان کو معاشی اور اقتصادی طورپر ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ایک سے بڑھ کر دوسرا قابل عمل منصوبہ دے رہے ہیں۔
پاکستان کے ممتاز بزنس مین، صنعت کار اور سارک چیمبر آف کامرس کے رہنماافتخار علی ملک کہتے ہیں ملک میں معاشی اور اقتصادی ترقی صرف اسی صورت ہوگی جب ملک میں صنعت کا پہیہ چلے گا اور اس کے لیے صنعت دوست اور کاروبار دوست پالیسیاں اور پلان بنانے کی ضرورت ہے تو شہباز شریف کی حکومت میں یہ جو’اڑان پاکستان‘کاپلان دیا گیا ہے، صنعت کار اور تاجربرادری کے لیے یہ امید کی ایک کرن ہے۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب بھی صنعت کو ترقی دی گئی صنعت کے لیے پالیسیاں اچھی بنائی گئیں ملک نے معاشی طور پر ترقی کی اور مسلم لیگ (ن) کا دور خاص طور پر اس بات کا شاہد ہے کہ نواز شریف ہوں یا شہباز شریف ان کے دور میں پاکستان میں صنعت نے ترقی کی جس کی وجہ سے پاکستان نے معاشی ترقی کی۔