وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے نائب وزیر برائے کان کنی، صنعت و معدنیات خالد بن صالح المدفر کی ملاقات
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو نہ صرف نگراں حکومت بلکہ آئندہ منتخب حکومت بھی سہولت فراہم کرے گی، سرمایہ کاری سہولت کونسل پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری منصوبوں کی فوری و بلاتعطل تکمیل یقینی بنائے گی،پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سعودی عرب کے نائب وزیر برائے کان کنی، صنعت و معدنیات خالد بن صالح المدفر سے سعودی وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزراء انجینئر مخدوم مرتضیٰ محمود، خرم دستگیر، وزیرِ مملکت پٹرولیم مصدق ملک، معاون خصوصی تسنیم احمد قریشی اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں آمد پر آپ کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان سعودی عرب کی ہر مشکل وقت میں مدد پر سعودی حکومت اور عوام کا شکر گزار ہے، پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، پوری پاکستانی قوم سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان کے مشکل وقت میں مدد پر ان کی مشکور ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو نہ صرف نگراں حکومت بلکہ آئندہ منتخب حکومت بھی سہولت فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، سرمایہ کاری سہولت کونسل پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری منصوبوں کی فوری و بلاتعطل تکمیل یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، حکومت کا 10 ہزار میگاواٹ شمسی بجلی کا منصوبہ بھی بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے بہترین موقع ہے۔اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے ایک مثبت اور اہم پیغام ہے، سعودی عرب پاکستان کے شعبہ معدنیات میں موجود وسیع مواقع میں سرمایہ کاری کی گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
ملاقات میں خالدبن صالح المدفر نے وزیرِاعظم کے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے سہولت کے اقدامات اور ایس آئی ایف سی کے قیام پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی کا قیام حکومت کے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایک سنجیدہ اقدام ہے جو پاکستان کی معیشت کی ترقی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ا ن کا دوسرا گھر ہے اور سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ سعودی وفد میں سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی، عبداللہ موفتر الشمرانی چیئرمین سعودی جیولاجیکل سروے، عبدالرحمن خالد البیلوشی نائب وزیر برائے کان کنی صنعت اور اعلی سعودی حکام شام تھ