خبرنامہ

وزیر اعظم (آج) پنڈی بھٹیاں،فیصل آباد موٹروے کا افتتاح کرینگے

اسلام آباد:(ملت+آئی این پی)وزیر اعظم نواز شریف (آج)جمعہ کو پنڈی بھٹیاں،فیصل آباد موٹروے پر نو تعمیر شدہ سانگلہ ہل انٹرچینج کا افتتاح کرینگے ۔منصوبے پر 299.2 ملین روپے سے زائد لاگت آئی، انٹرچینج کی لمبائی 3.7 کلومیٹر ہے جبکہ سروس ر وڈ 440 میٹر ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف (آج)جمعہ کو پنڈی بھٹیاں،فیصل آباد موٹروے پر نو تعمیر شدہ سانگلہ ہل انٹرچینج کا افتتاح کرینگے،منصوبے کی تعمیر سے سانگلہ ہل اورگرد و نواح کے تمام علاقے موٹروے اور ہائی وے نیٹ ورک سے براہ راست منسلک ہوجائیں گے اور یہاں زرعی اور صنعتی ترقی کے ذریعہ معاشی اٹھان کی راہ ہموار ہوگی۔اس انٹرچینج کی لمبائی 3.7 کلومیٹر ہے جبکہ سروس ر وڈ 440 میٹر ہے۔ 2 ٹول پلازوں اور کنٹرول کی بلڈنگ کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔اس منصوبے پر 299.2 ملین روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔اس انٹرچینج کی تعمیرسے سانگلہ ہل سے لاہور، اسلام آباد،سرگودھا،چنیوٹ،چک جھمرہ،فیصل آباد اور جھنگ کی طرف جانے والی ٹریفک کو خاطر خواہ سہولت میسر ہوگی۔اسی طرح لاہور سے شیخوپورہ اور فیصل آباد روڈ کی ٹریفک کو بھی پنڈی بھٹیاں۔فیصل آ باد موٹروے تک رسائی آسان ہوگی۔علاوہ ازیں فیصل آباد کے مقام پر زیر تعمیر انڈسٹریل زون کی کمرشل ٹریفک بھی اس انٹرچینج کو استعمال کرسکے گی۔ (رڈ)