خبرنامہ

وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات،ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی عمومی صورتحال اور اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کے امن، سلامتی اور تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی، جب عمران خان نے آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر قوم سے خطاب کیا تھا اور کہا تھا کہ ’ملک دشمن عناصر ججز کو قتل اور فوج سے بغاوت پر اکسا رہے ہیں‘۔

اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین مذہب کیس میں مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سزائے موت کو کالعدم قراردیتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے اور آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور کئی مقامات پر دھرنے بھی دیے گئے تھے۔

اس تمام صورتحال پر وزیراعظم نے قوم سے خطاب کیا تھا جبکہ صوبہ پنجاب اور سندھ میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسے، جلوسوں اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی تھی۔