خبرنامہ

وزیر اعظم عمران خان کےدورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار

اسلام آباد:(ملت آن لائن)وزیراعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار کرلیا گیا جس کے مطابق وزیراعظم عمران خان 20 نومبر کو ملائیشیا پہنچیں گے اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار کرلیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان 20 نومبر سے ملائیشیا کا دورہ کریں گے اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کی دعوت پر 2 روز تک قیام کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملائیشین ہم منصب سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم اپنے ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ ملائیشیا کی ترقی کے تجربات سے استفاده پر بات چیت بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو ملائیشیا میں ترقی کے تیز ترین ماڈل پر بریفنگ دی جائے گی۔

وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور مشیرتجارت عبد الرزاق داؤد سمیت دیگر حکام بھی ملائیشیا جائیں گے۔

اس سے قبل وزیر اعظم کو 28 اکتوبر کو ملائشیا کے دورے پر روانہ ہونا تھا، بعد ازاں دورہ ملائیشیا کی تاریخ تبدیل کردی گئی تھی۔