اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے صدر مملکت ممنون حسین سے پیر کو ایواِن صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں نے ملک کی عمومی صورت حال اور اہم قومی امور پر با ت چیت کی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم کو صحت یابی پر ایک بار پھر مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم نواز شریف پوری توانائی کے ساتھ ملک وقوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔ ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت توانائی کے جاری منصوبوں ، امن و امان کی صورت حال ، آپریشن ضرب عضب اور قومی معیشت کے احیاء کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے اس موقع پر صدر مملکت کو مختلف امور میں حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں سے بھی آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم اور اْن کی اقتصادی ٹیم اپنی مضبوط حکمت عملی کے تحت قومی معیشت کی بہتری کیلئے قابِل قدر کردار ادا کر رہی ہے جس کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپیل کی کہ ملک میں استحکام اور ترقی کیلئے ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حکومت سے تعاون کیا جائے۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی ایجنڈے سے اپنی توجہ نہیں ہٹائے گی اور ملک کی ترقی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کیلئے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کیلئے تندہی سے کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی عمل کے دوران قومی سرمائے کے درست اور شفاف استعمال کو ہر صورت میں یقینی بنائے گی اور بدعنوانی کو کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے آپریشن ضرب عضب کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے تمام حصوں میں مکمل امن کی بحالی کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل جاری رہے گا۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے مفید ثابت ہو گا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے عظیم الشان منصوبہ سے تمام صوبوں اور خطوں کو یکساں فوائد حاصل ہوں گے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان کو درپیش مسائل پر قابو پانے اور ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن رکھنے کیلئے اتحاد اور یکجہتی پرزور دیا۔ اس موقع پر خطے کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور دونوں رہنماوں نے خطہ میں امن و خوشحالی کیلئے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔