اسلام آباد ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) سابق سفیر مشتاق مہر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دورہ آذربائیجان سے علاقائی تعلقات کو فروغ اور سیاسی ہم آہنگی پیدا ہوگی۔ ریڈیو پاکستان کے پروگرام نقطہ نظر میں گفتگو کر تے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا دورہ باکو خوش آئند ہے اور اس سے پاکستان کی بہترین خارجہ پالیسی کے دو اہم پہلو اجاگر ہوتے ہیں پہلا یہ کہ وزیر اعظم کے دورہ آذربائیجان سے وسطی ایشیائی ممالک سے تعلقات کو مذید فروغ ملے گا کیونکہ ان ممالک سے ہماری ثقافتی اور مذہبی ہم آہنگی بھی پائی جاتی ہے ،دوسرا یہ کہ موجودہ دور میں ایک نیا ایشیائی ریجن تشکیل پا رہا ہے اور اس لحاظ سے ان ممالک میں سیاسی ہم آہنگی پیدا ہو گی۔ مشتاق مہر نے کہا کہ ان کے ذاتی مشاہدے میں بھی یہ بات آئی ہے کہ دنیا میں جتنی بھی اکنامک،کلچرل،اور ریجنل آگنائزیشنز وجود میں آئی ہیں ان کی بنیادی وجہ سیاسی ہم آہنگی ہی تھی جس کی بدولت انھوں نے ترقی کی ہے۔اس موقع پر موجود عالمی امور کے ماہر ڈاکٹر منظور خان آفریدی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ہمیشہ سے وسطی ایشیائی ممالک سے تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے کیونکہ یہ ممالک ہمارے ساتھ مذہبی اور ثقافتی ہم آہنگی رکھنے کے ساتھ ساتھ توانائی اور قدرتی وسائل سے مالامال ہیں جن سے ہم بھر پور استفادہ کر سکتے ہیں۔