یہ ہسپتال ملک کے مختلف اضلاع میں قائم کئے جائیں گے ، تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی ، یہ بین الاقوامی ماہرین کے ڈیزائن کردہ اور جدید سہولتوں سے آراستہ ہوں گے،وفاقی حکومت کی جانب سے چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز کو خط
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملک بھر میں 46 ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے اراضی مختص کرنے کی ہدایت کر دی، یہ ہسپتال ملک کے مختلف اضلاع میں قائم کئے جائیں گے جس کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی ، یہ ہسپتال بین الاقوامی ماہرین کے ڈیزائن کردہ اور جدید سہولتوں سے آراستہ ہوں گے ۔ ہفتہ کو وزیر اعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں 46 ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے اراضی مختص کرنے کے لئے وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز کو خط لکھ دیا ۔ یہ ہسپتال ملک کے مختلف اضلاع میں قائم کئے جائیں گے اور ان کے اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی ۔ یہ ہسپتال بین الاقوامی ماہرین کے ڈیزائن کردہ اور جدید سہولتوں سے آراستہ ہوں گے۔ پنجاب میں راجن پور ، جھنگ ، بھکر ، صادق آباد اور راولپنڈی میں ہسپتال قائم ہوں گے ۔ یہ پانچوں ہسپتال پانچ سو بستروں پر مشتمل ہوں گے جب کہ بورے والا ، احمد پور شرقیہ ، کوٹ ادو ، تونسہ ، ساہیوال، پسرور اور لیہ میں 250 بستروں کے ہسپتال تعمیر ہوں گے ۔ سندھ میں جیکب آباد ، میر پور خاص اور بدین میں 500 بستروں جب کہ اسلام کوٹ، نوشہرہ فیروز اور مہر کے اضلاع میں 250 بستروں کے ہسپتال بنیں گے ۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں ہری پور اور چارسدہ میں 500 بستر جب کہ بٹگرام، ہنگو ، فاٹا اور چترال میں 250 بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے ۔ گڑھی حبیب اللہ اور کاغان میں 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے ۔ صوبہ بلوچستان میں حب ، نوشکی، چمن اور پنجگور میں 100 بستروں جب کہ کوئٹہ میں 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے ۔ سکردو اور گلگت میں 250 بستروں ، کریم آباد میں 100 بستر اور گلگت بلتستان کے علاقے گانچھے میں 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر ہوں گے ۔ مظفر آباد میں 250 ، راولاکوٹ ، کوٹلی اور اٹھمقام میں 100 بستر جب کہ لیپہ میں 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر ہوں گے ۔ وفاقی دارالحکومت میں 3 ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے اراضی مختص کی جائے گی ۔ یہ تمام ہسپتال بہتر انتظامیہ کے زیر اہتمام چلائے جائیں گے ۔ ان ہسپتالوں کی تعمیر وفاقی حکومت کی طرف سے ملک بھر میں عوام کو بہترین طبی سہولتیں دینے کے وژن ہے ۔ وزیر اعظم نے موجودہ حکومت کی معیاد ختم ہونے سے پہلے تمام ہسپتالوں کی تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ترقی کے ساتھ غربت اور بیماری پر قابو پانے کے لئے بھی کوشاں ہیں ۔ غربت اور بیماری کا یکجا ہونا کسی بھی خاندان کے لئے بہتر مہلک ہے ۔