اسلام آباد (ملت+آئی این پی ) وزیر دفاع خواجہ آصف دبئی سے وطن واپس پہنچ گئے۔وزیردفاع خواجہ آصف گزشتہ روز اہل خانہ کے ساتھ شادی میں شرکت کے لیے دبئی گئے تھے۔انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ الحمد للہ وطن واپس پہنچ گیا ہوں، اب تیرا کیا بنے گا کالیا۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید کے استعفے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک درباری ہٹا دیا گیااور دوسرا بھاگ گیاہے۔ قبل ازیں قومی سلامتی کے اجلاس کی خبر فیڈ کرنے کے معاملے پر وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز وفاقی وزیر پرویز رشید سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا تھا۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق اخبار میں شائع خبر قومی سلامتی کے منافی تھی ، دستیاب شواہد کے مطابق وزیراطلاعات نے کوتاہی برتی ، وزیراطلاعات کو آزادانہ تحقیقات کیلئے عہدہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔