خبرنامہ

پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس، وزیراعظم نےشرکت کیلئےآنیوالےرہنماؤں کا خود استقبال کیا

اسلام آباد: (ملت+ آئی این پی) وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچنے والے تمام اراکین کا خود استقبال کیا‘ فرداً فرداً تمام سیاسی قائدین سے مصافحہ کیا اور خیریت دریافت کی‘ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سے تین چار منٹ حال احوال دریافت کیا‘ اے این پی رہنما غلام احمد بلور نے وزیراعظم سے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے بوسہ دیا‘ اجلاس میں وزیر جہاز رانی میر حاصل خان بزنجو کو وزیراعظم کے برابر جبکہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے برابر میں نشست دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے بعد کی صورتحال اور آئندہ کے ردعمل پر تبادلہ خیال کے لئے پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس میں شرکت کے لئے آمد پر وزیراعظم کا استقبال معاون خصوصی طارق فاطمی نے کیا جبکہ دیگر جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا استقبال وزیراعظم نواز شریف نے خود کیا اور تمام پارلیمانی رہنماؤں سے مصافحہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اجلاس میں شرکت کے لئے جب فاروق ستار پہنچے تو انہوں نے وزیراعظم کے ساتھ مصافحے کے ساتھ دو سے تین منٹ تک بات چیت بھی کی جبکہ اے این پی کے پارلیمانی لیڈر غلام احمد بلور نے مصافحہ کے وقت وزیراعظم نواز شریف کے کندھے پر عقیدت سے بوسہ دیا۔اس موقع پر وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان‘ اسحاق ڈار اور پرویز رشید بھی موجود تھے۔ پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو، خورشید شاہ اور اعتزاز احسن ‘ شیری رحمن‘ قمر زمان کائرہ‘ نوید قمر نے شرکت کی۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی اور شیریں مزاری ‘ جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن‘ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی، عوامی نیشنل پارٹی کے غلام احمد بلور، بلوچستان نیشنل پارٹی کے میرحاصل بزنجو، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق‘ امیر جمعیت اہلحدیث پروفیسر ساجد میر‘ مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا‘ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار‘ غوث بخش مہر‘ اور پارلیمنٹ میں فاٹا کے پارلیمانی رہنماؤں سمیت دیگر نے شرکت کی جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی تھی جس پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے اجلاس میں شرکت کی دعوت نہ دینا کم عقلی ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کے برابر میں وفاقی وزیر برائے جہاز رانی و بندرگاہیں میر حاصل بزنجو براجمان تھے جبکہ محمود خان اچکزئی کے برابر میں پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے برابر میں شاہ محمود قریشی کو نشست دی گئی۔ (ن غ/ا ر)