لاہور/راولپنڈی (ملت+آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے الوداعی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا،آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و استحکام کا قیام آسان نہیں تھا قربانیوں اور مشترکہ قومی عزم سے کامیابیاں ملیں۔ پیر کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے اپنی الوداعی ملاقاتوں کا سلسلہ لاہور سے شروع کردیا ہے جس کے بعد وہ کراچی‘ کوئٹہ اور پشاور کا دورہ بھی کریں گے۔ آرمی چیف نے لاہور گیریژن پاک فوج اور رینجرز کے جوانوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کا قیام آسان نہیں تھا قربانیوں اور مشترکہ قومی عزم سے کامیابیاں ملیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بہادر قوم ہے ہم ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھول کر بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ملک میں امن و استحکام پیدا ہوا۔ دنیا کی زبردست فوج کی کمان کرنا میرے لئے باعث فخر ہے۔ آرمی چیف نے لاہور گیرژن میں فوج اور رینجرز کے جوانوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔