خبرنامہ

پاکستان اور چین کےدرمیان دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں، مفاہمتی یادداشتوں پردستخط

بیجنگ:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی آج گریٹ ہال میں چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے دوران دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم عمران خان اور چینی وزیراعظم نے اپنے اپنے ملکوں کے وفود کی قیادت کی۔

پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی اور وزیر خزانہ اسد عمر شامل تھے۔

دونوں ملکوں میں زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں معاونت، پاک چین اعلیٰ تعلیم، وفاقی دارالحکومتوں کی پولیس اور صنعتی اداروں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ پاکستان میں اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق چین پاکستان کی معاونت کرے گا۔

دوسری جانب جنگلات، ارضیاتی سائنس اور الیکٹرونکس مواد کے تبادلے کے لیے یادداشت پر دستخط بھی کیے۔

اس موقع پر پاک-چین وزرائے خارجہ سطح کے تذویراتی مذاکرات کے لیے دستاویز پر دستخط بھی کیے گئے۔

وزیراعظم عمران خان جب گریٹ ہال پہنچے تو چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ اور ان کی کابینہ ارکان نے ان کا استقبال کیا، جہاں ان کے اعزاز میں خیرمقدمی تقریب ہوئی اور وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان تیانمن اسکوائر پہنچے تھے، جہاں انہوں نے پیپلز ہیروز کی یادگار پر پھول چڑھائے تھے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم 5 روزہ دورے پر یکم نومبر کو چین پہنچے تھے، وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد عمران خان کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے۔

وزیراعظم کی آج چین کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات بھی طے ہے۔

4 نومبر کو وزیراعظم سینٹرل پارٹی اسکول میں خطاب کے بعد شنگھائی روانہ ہوں گے، جہاں وہ چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں شرکت کریں گے۔

چین کے صدر 4 نومبر کو امپورٹ ایکسپو میں شریک رہنماؤں کے اعزاز میں ضیافت دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان 5 نومبر کو شنگھائی میں ویت نام کے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ اسی روز وہ شنگھائی کی مقامی قیادت سے ملاقات اور پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے اور پھر وطن واپس روانہ ہوں گے۔