اسلام آباد:(ملت آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہےکہ پاکستان بھارت سے بات چیت سے گھبراتا نہیں اور بات چیت کے ذریعے ہی معاملات حل کیے جاسکتے ہیں۔
دورۂ سعودیہ پر بات چیت
دفتر خارجہ میں ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیراعظم کا دورۂ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا، وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی، سعودی عرب نے 6.2 ارب ڈالر کا پیکج دیا، پاکستانیوں کیلئے ویزا فیس 2 ہزار سے300 ریال کردی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے چین کے پہلے دورے پر 2 سے 5 نومبر کو سرکاری دورے پر چین جائیں گے، وزیراعظم چینی صدرشی جن پنگ اور ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ شنگھائی کانفرنس میں خصوصی شرکت بھی کریں گے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت
ڈاکٹر فیصل نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض فوج نے 20 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا، پاکستان کشمیر میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
پاک بھارت مذاکرات سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سے بات چیت سے گھبراتا نہیں، بات چیت کے ذریعے ہی معاملات حل کیے جاسکتے ہیں۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی شہریوں کی جانب سے پاکستانی حدود میں جہاز یرغمال بنائے جانےکا علم نہیں۔
قندھار واقعے پر افغان الزامات مسترد
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بار پھر قندھار واقعے کی مذمت کرتے ہوئے افغانستان کے الزامات کو مسترد کردیا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان نے تاحال کوئی ٹھوس شواہد نہیں دیئے، افغانستان میں دیرپا امن کے لیے پاکستان اور امریکا کوشاں ہیں۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان پر کسی ملک کی جانب سے کسی دباؤ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پاکستان اپنے ملکی مفادات کی خاطر اقدامات کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا۔